ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / شہر کے تمل اور سرحدی علاقوں میں جئے للیتا کا سوگ

شہر کے تمل اور سرحدی علاقوں میں جئے للیتا کا سوگ

Wed, 07 Dec 2016 12:07:10    S.O. News Service

بنگلورو۔6؍دسمبر(ایس او نیوز) تملناڈو کی وزیر اعلیٰ جئے للیتا کی موت کے سبب شہر کے تمل علاقوں میں مقیم تمل باشندوں میں صف ماتم بچھ گئی۔خاص طور پر شہر کے سری رام پورم، اوکلی پورم اور دیگر تمل علاقوں میں افسردگی چھاگئی۔ یہاں بڑی تعداد میں اے آئی اے ڈی ایم کے کارکن اور تمل باشندے آباد ہیں۔ پچھلے 75 دنوں سے جئے للیتا کی اسپتال میں داخلے کے بعد سے ہی یہاں کے لوگوں کی طرف سے جئے للیتا کیلئے خصوصی پوجا وغیرہ کا اہتمام ہوتا رہا۔ کل رات جب ان کی موت کا اعلان ہوا تو یہاں کے لوگوں نے اپنے صدمے کا اظہار کیا۔ یہاں حالات قابو سے باہر نہ جائیں اور نظم وضبط کا مسئلہ پیدا نہ ہو اس کیلئے پولیس انتظامات کئے گئے تھے۔ ڈپٹی کمشنر آف پولیس کی قیادت میں یہاں حفاظتی بندوبست کیاگیا۔ یہاں کی گلیوں میں جئے للیتا کے پوسٹرس اور بیانرس لگائے گئے ہیں۔ بتایاجاتاہے کہ جئے للیتا کی آخری رسومات میں شرکت کیلئے سری رام پورم کے مختلف محلوں سے سینکڑوں کی تعداد میں لوگ خصوصی بسوں سے چنئی روانہ ہوچکے ہیں۔ یہاں حفاظتی انتظام کے طور پر کے ایس آر پی کی ایک پلاٹون تعینات کی گئی ہے۔دوسری طرف جئے للیتا کی موت کے سبب کرناٹک تملناڈو سرحد پر حالات بگڑنے نہ پائیں اس کیلئے تمام سرحدی مقامات پر حفاظتی بندوبست سخت کردیا گیا ہے۔ تملناڈو میں غیر معلنہ بند کو دیکھتے ہوئے کرناٹک کے سرحدی علاقوں میں بھی بند جیسی صورتحال بنی رہی ہے۔ آنیکل ، اتی بیلے وغیرہ میں حفاظتی انتظامات کیلئے کے ایس آر پی کے دو پلاٹون متعین کئے گئے ہیں ، اس کے علاوہ افزود سیول پولیس کو بھی میدان میں اتارا گیا ہے۔ کرناٹک تملناڈو کے درمیان نجی گاڑیوں کی آمد ورفت برقرار ہے، لیکن بہت کم تعداد میں گاڑیاں سرحد کے آر پار ہورہی ہیں۔سرکاری بسوں کی آمد ورفت کا سلسلہ کل دوپہر سے ہی منقطع ہوگیا ۔حالات سدھرنے تک دونوں ریاستوں کے درمیان سرکاری بسوں کی آمد ورفت شروع ہونے کا امکان نہیں ہے۔ہوسور میں آج مکمل بند رہا، جابجا جئے للیتا کی تصویروں پر پھول چڑھائے گئے۔


Share: